مینگلور9/اکتوبر(ایس او نیوز) یہاں سے قریب بیلتھنگڈی کے بولادابیل نامی مقام پررفاعی سنی جامع مسجد سے متصل مدرسہ کے استاذ اور کچھ نوجوانوں کے بیچ ہونے والی تکرار مسجد کے صدر پر حملے میں بدل گئی۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق مدرسہ کے استاذ اسماعیل مدنی جب بچوں کی درس و تدریس میں مصروف تھے تب حمید،صدیق اور الطاف نامی نوجوان وہاں پہنچ کر زور و شور سے باتیں کرنے لگے۔ مدرسہ کے استاذ نے جب انہیں اس سے باز رکھنے کی کوشش کی تو انہوں نے بدکلامی شروع کر دی۔ اسماعیل مدنی نے جب مسجد کے صدرمحمد شریف کو وہاں بلالیا تو وہ اور زیادہ طیش میں آگئے اور اسماعیل مدنی پر حملہ کرنے کے لئے آگے بڑھے۔ مگر محمد شریف نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے محمد شریف پر ہی زوردار حملہ کردیا جس سے وہ بے ہوش ہو کر گرپڑا۔ اس کے بعد شریف کومزید پیٹنے کے بعد لڑکے وہاں سے فرار ہوگئے۔ محمد شریف کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔حملہ اور مارپیٹ کے سلسلے میں پولیس میں شکایت درج کی گئی ہے۔